کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ساران تنگی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کامیاب کارروائی کی شدید تعریف کرتے ہوئے اسے انتہائی قابل تحسین قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن کامیابی سے سرانجام دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق، یہ کارروائی ‘آپریشن شعبان 2’ کے تحت عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کے 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ فورسز نے موقع سے 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے جوان ملک و قوم کے پرامن مستقبل کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یہ کارروائیاں کسی بھی تعطل کے بغیر جاری رکھی جائیں گی۔
اپنے بیان کے آخر میں وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے یہ ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے

