کوئٹہ (الفجرآن لائن): بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب ترین آپریشن کا انعقاد کیا ہے جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
معاون اطلاعات شاہد رند کے مطابق یہ کارروائی ‘آپریشن شعبان 2’ کے تحت بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کے 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ فورسز نے تلاشی کے عمل کے دوران مزید 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
شاہد رند نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ صوبے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سیکیورٹی فورسز پوری طرح متحرک ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فورسز کی یہ کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی اور صوبے میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا

