کوئٹہ (الفجرآن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کا خاتمہ اور 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر انٹیلی جنس کارروائی کا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ شعبان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔ مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
شاہد رند نے کہا کہ ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران مزید 6 دہشت گردوں کا خاتمہ بھی دہشت گردی کے خلاف جاری مؤثر کارروائیوں کا تسلسل ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے امن و استحکام کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے صوبیدار محمد جمیل نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ریاستی ادارے قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

