‘عوامی وسائل کے مؤثر استعمال اور سروس ڈیلیوری میں تیزی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے’، شکیل قادر خان
کوئٹہ (الفجرآن لائن): چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن (QMC) کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران دونوں محکموں میں اصلاحات، شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کو ترجیحی بنیادوں پر اپنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ متعلقہ حکام نے بجٹ کے اخراجات، مستقبل کی منصوبہ بندی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی جانب سے فیملی پلاننگ، صحتِ عامہ کے پروگراموں اور آبادی کی ٹریکنگ کے لیے تیار کردہ اپڈیٹڈ ڈیٹا بیس کی رپورٹ پیش کی گئی۔ دوسری جانب، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، ضلعی انفراسٹرکچر، سڑکوں کے نیٹ ورک، ماحولیاتی اقدامات اور ضلعی ٹیکس و ریونیو اکٹھا کرنے کے حوالے سے اپنی دو سالہ کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل حل ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دونوں محکموں کو فوری طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اپنانے، اپنے ڈیٹا بیس کو مربوط کرنے اور مانیٹرنگ کے لیے آن لائن نظام متعارف کروانے کا حکم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو روکنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو روزمرہ کے امور کا حصہ بنانا ہوگا۔
اجلاس کے دوران کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن (QMC) کی مالی خودمختاری اور آمدنی میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شکیل قادر خان نے کیو ایم سی کو اپنے ریونیو کے ذرائع کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس، یوٹیلیٹی فیسز، مارکیٹنگ اور پارکنگ کے نظام کو جدید اور شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ عوام کو مراعات فراہم کرتے ہوئے ٹیکس چوری کا خاتمہ کیا جائے اور بھاری واجبات کی وصولی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مضبوط مالی حیثیت ہی مقامی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے

