اسلام آباد میں اجتماعات پر پابندی برقرار، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی اور تین سال قید کی تنبیہ
اسلام آباد(الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے شہر میں کسی بھی قسم کے اجتماع، اکٹھ یا عوامی سرگرمی کی اجازت نہ ہونے سے آگاہ کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اجتماعات پر پابندی عائد ہے، جبکہ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کے تحت بھی شہر میں اجتماعات کے انعقاد پر پابندی نافذ العمل ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ ایکٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور عائد پابندیوں کی پاسداری کریں
شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اجتماعات سے متعلق عائد پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں قانون کی پابندی کو یقینی بنائیں

