نواب شاہ(الفجر آن لائن)نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں مبینہ سود خوری سے پریشان خاتون نے قرض کی رقم ادا کرنے کے لئے اپنے چار بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیل کے مطابق شمشاد بی بی پریس کلب پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے الزام لگایا کہ مبینہ سود خور انور شاہ لکھیاری ان سے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کررہا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شمشاد بی بی کا کہنا تھا کہ وہ سود کی رقم ادا کرنے کے لیے اپنے بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر اللہ رکھیو کھوکھر کو بھی مبینہ طور پر پولیس کے ذریعے لاپتا کروایا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون نے وزیر داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد سے مطالبہ کیا کہ ان کے شوہر کو بازیاب کرایا جائے، مبینہ سود خور کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

