جلو موڑ کی جانب سے آنے والا جدید ڈرون ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرایا، سکیورٹی ٹیم نے قبضے میں لے لیا؛ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی کلیئرنس، واقعے کی تحقیقات شروع
لاہور (الفجر آن لائن) لاہور میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈکوارٹرز کی عمارت سے ایک سرویلنس ڈرون ٹکرا کر نیچے گر گیا، جس کے بعد سکیورٹی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب رات 12 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرویلنس ڈرون جلو موڑ کی جانب سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی طرف آیا اور عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے گر گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جدید ساخت کے اس ڈرون کے ذریعے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے اندرونی حصوں کی نگرانی اور ریکی کی جا رہی تھی۔
واقعے کے بعد سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ڈرون کے ساتھ منسلک کیمرے اور بیٹری کی لائٹس قبضے میں لیے جانے کے وقت بھی آپریشنل تھیں۔
بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے کلیئر قرار دے دیا۔ واقعے کے باعث سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے مبینہ طور پر دہشت گردی کی نیت سے ڈرون سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی طرف بھیجا گیا تھا۔ تاہم واقعے کے اصل محرکات اور ڈرون بھیجنے میں ملوث عناصر کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔

