24 گھنٹوں کے دوران حوثی قیادت، فوجی قافلوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، 142 فوجی گاڑیاں اور سازوسامان تباہ؛ صوبہ الجوف میں اہم اسٹریٹجک مقامات کا کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان
صنعا (الفجر آن لائن) یمنی مسلح افواج نے حوثی ملیشیا کے خلاف آپریشن فجرِ الیمن کے تحت بڑی کارروائیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 427 حوثی جنگجو ہلاک جبکہ 142 فوجی گاڑیاں اور جنگی سازوسامان تباہ کر دیا گیا ہے۔
یمنی مسلح افواج کے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن فجرِ الیمن کے تحت گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران حوثی قیادت، جنگجوؤں کے اجتماعات اور فوجی قافلوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ حوثی ملیشیا کی کمک، فوجی ٹھکانوں اور رسد کے ذرائع پر بھی حملے کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمنی فوج نے صوبہ الجوف کے مختلف محاذوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد اہم مقامات اور اسٹریٹجک پوزیشنز کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جبکہ حوثی ملیشیا کو بھاری جانی اور فوجی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
یمنی فوج کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی کارروائیوں میں 427 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے، جبکہ 142 فوجی گاڑیوں، جنگی سازوسامان اور نقل و حمل کے ذرائع کو تباہ کیا گیا۔
یمنی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن فجرِ الیمن کے آغاز سے اب تک حوثی ملیشیا کے خلاف مجموعی طور پر ایک ہزار 119 کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
حکام کے مطابق حوثی ملیشیا کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس کا مقصد مختلف محاذوں پر فوجی پیش قدمی کرتے ہوئے اہم اسٹریٹجک علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ تاہم ہلاکتوں اور تباہ شدہ فوجی سازوسامان سے متعلق ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔

