وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات شاہد رند؛ چھاپے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، قانونی کارروائی کی جائے گی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ ہاؤس بلوچستان پر چھاپے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں اور افواہوں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس پر نہ کوئی چھاپہ مارا گیا اور نہ ہی ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔
یکم نومبر 2026ء کو جاری بیان میں شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم انداز میں منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد وزیراعلیٰ کی کردار کشی اور صوبے میں بے یقینی و عدم اعتماد کی فضا پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے خائف بعض عناصر جھوٹی اور من گھڑت خبروں کے ذریعے عوام میں غلط تاثر پیدا کرنے اور حکومتی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملک دشمن عناصر بھی سوشل میڈیا کو منفی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرتے ہوئے حکومتی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد معلومات پھیلا رہے ہیں۔
معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور گمراہ کن خبریں پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے رجوع کر لیا گیا ہے۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ جعلی خبریں پھیلانے، کردار کشی کرنے اور دانستہ طور پر گمراہ کن معلومات کی تشہیر میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادیٔ اظہار کی آڑ میں جھوٹ، بہتان اور منظم کردار کشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایسے عناصر کو اپنی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کا قانونی جواب دینا ہوگا اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ حقائق کو مسخ کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، جبکہ حکومت ایسی سرگرمیوں کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

