دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، اہلِ خانہ کا دوٹوک مؤقف؛ جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران مختلف اضلاع میں 108 سے زائد خاندان لاتعلقی اختیار کر چکے ہیں
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان کے غیور عوام نے فتنہ الہندوستان سے شدید نفرت کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی میں ملوث اپنے رشتہ داروں سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ اہلِ خانہ نے واضح کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت اختیار کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے افراد کے اعمال سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی میں ملوث جہانزیب، نور زیب، انور، مجیب، قاسم اور عبید اللہ کے اہلِ خانہ نے ان سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے، جبکہ مستونگ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد یونس شاہوانی کے اہلِ خانہ نے بھی اس کے اقدامات سے خود کو الگ کر لیا ہے۔
اسی طرح ضلع کچھی میں دہشت گردی میں ملوث عنایت اللہ، عبدالنافع، طائب اور یاسر کے اہلِ خانہ نے بھی اپنے رشتہ داروں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ جو افراد لاپتہ ہو کر دہشت گرد تنظیموں میں شامل ہوئے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ اگر ہمارے بیٹے دہشت گرد تنظیموں کے مذموم ایجنڈے پر کام کرتے پائے گئے تو ہم ان کے اعمال کی کسی صورت ذمہ داری قبول نہیں کریں گے۔
اہلِ خانہ نے دہشت گردی سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے خاندان امن، سلامتی اور قانون کی بالادستی کے حامی ہیں اور دہشت گردی جیسے مذموم اقدامات کی حمایت نہیں کرتے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 108 سے زائد خاندان اپنے ان بیٹوں اور بھائیوں سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں جو دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ ہو کر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوئے۔

