چکوٹھی(الفجر آن لائن)ضلع جہلم ویلی کے مختلف علاقوں میں جنگلی چیتے کے حملوں کے باعث مال مویشیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری،غریب،محنت کش شہریوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امراء ساون کے رہائشی سید زبیر شاہ کی قیمتی بکری چیتے کے حملے میں ہلاک ہو گئی،مقامی شہریوں کے مطابق مال مویشی دیہی علاقوں میں غریب خاندانوں کی آمدن،روزگار کا اہم ذریعہ ہیں،
تاہم جنگلی جانوروں کے مسلسل حملوں نے لوگوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے،عوامی حلقوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر، متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے
کہ متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کیا جائے، چیتے کی نقل و حرکت کی نگرانی، حملوں کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں،متاثرین نے مطالبہ کیا ہے
کہ جنگلی جانوروں کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگا کر سرکاری پالیسی کے مطابق مالی معاوضہ فراہم کیا جائے، شہریوں کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ ضروری ہے، تاہم مقامی آبادی، ان کے مال مویشیوں کا تحفظ بھی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

