کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے تاریخی موقع پر وہاں کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے یکم نومبر 1947ء کو گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم اور یادگار دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کے حصول کے لیے وہاں کے عوام کی لازوال جدوجہد، بہادری اور بے مثال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا ایک قابلِ فخر باب ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک ناگزیر حصہ اور ہماری قومی وحدت و یکجہتی کی ایک خوبصورت علامت ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گلگت بلتستان کے عوام کی حب الوطنی اور پاکستان سے گہری وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ جذبہ قومی اتحاد کی مضبوط بنیاد ہے۔ گلگت بلتستان کی منفرد ثقافت، شاندار روایات اور سحر انگیز قدرتی حسن پاکستان کے قومی تشخص کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں جی بی کے عوام کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کی تمام اکائیوں کے درمیان محبت، بھائی چارے اور یکجہتی کے رشتوں کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ گلگت بلتستان کا یہ خوبصورت خطہ ہمیشہ امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔

