![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/07/Imran-Khan-6-1.jpg)
لاہور (الفجرآن لائن) اے ٹی سی لاہور نے 9 مئی مقدمات میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت (آج)ہفتہ تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی لاہور میں ایڈمن جج خالد ارشد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی بارے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں عبوری ضمانت درخواستوں پر سماعت کی ۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس چھوڑ کر دلائل کیلئے پیش ہوا ہوں، دوسری عدالت نے ملزم کی ویڈیو لنک کے بغیر ہی 4ضمانتیں کنفرم کی ہیں ،میں نے بہت کوشش کی کہ ملزم کی اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیشی ہو سکے مگر پھر میں نے سمجھوتہ کر لیا اور راضی ہو گیاجس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی فیصلے کی کاپی پیش کی جائے۔ وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ بغیر ویڈیو لنک کیس سن کر فیصلہ ہو جائے گاتاہم عمران خان کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھا دیں ۔بعد ازاںعدالت نے (آج) ہفتہ کو بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگونے کا حکم دے دیا۔