![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/07/Maryam-Nawaz-Sharif-2020-1024x714.jpg)
ایل ڈی اے کیلئے 46ارب روپے ریونیو جنریشن کا ہدف مقرر،حکام کو ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جلد تکمیل،اہم سڑکوں کی کمرشلائزیشن، ایل ڈی اے سٹی کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کا حکم
لاہور (الفجرآن لائن) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی فہرست طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہواجس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی برائے سیاسی امورذیشان ملک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری اوردیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے بتایا کہ ایل ڈی اے رواں مالی سال میں گزشتہ سال کی نسبت کئی گنا زائد ریونیو اکٹھا کرے گا، شہریوں کے رہائشی نقشوں کی منظوری کیلئے آن لائن سروس شروع کی جا رہی ہے، ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے نتیجے میں اربوں روپے مالیت کے سرکاری پلاٹ واگزار کرائے گئے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی فہرست کرلی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہاؤسنگ سکیم کا جائزہ لے کر اسے ریگولر کرنے یا نہ کرنے فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے ایم ایم عالم روڈ کی ری ماڈلنگ، بیوٹیفکیشن کی منظوری دیتے ہوئے لبرٹی مین مارکیٹ، منی مارکیٹ ، حالی روڈ کے علاقے میں ٹرام چلانے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں گلبرگ اور مضافاتی علاقوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا فیصلہ کرتے ہوئے یکساں روڈ اور ٹف ٹائل لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں کریم بلاک تا موٹر وے سگنل فری کوریڈور پلان کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت کریم بلاک تا موٹر وے 6رویہ روڈ پر دو انڈر پاس بنیں گے ۔وزیراعلی نے مختلف روڈ زکی کمرشلائزیشن، مینار پاکستان اور چائنا سکیم سپورٹس کمپلیکس کی جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے ایل ڈی اے کیلئے 46ارب روپے ریونیو جنریشن کا ہدف مقررکیا۔ وزیراعلی نے ایل ڈی اے حکام کو ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جلد تکمیل،شہر کی مختلف اہم سڑکوں کو کمرشلائز کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے ، ایل ڈی اے سٹی کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری کئے ۔