
راولپنڈی (الفجرآن لائن) اڈیالہ جیل میں قیدی شاویز کے قتل پر مقتول کے والد نے جیل انتظامیہ ،مخالفین پر قتل کا مقدمہ درج کروادیا۔تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں 22 سالہ قیدی شاویز بھٹی کے قتل پر والد شاہد نثار بھٹی نے تھانہ صدر میں جیل انتظامیہ اور مخالفین کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کروا دیا۔ درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ صادق آباد تھانے میں قتل کے الزام میں گرفتار میرے بیٹے کو 10جون کو جوڈیشل ریمانڈ پراڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا اور 8جولائی کو بیٹے کی ضمانت بعد از گرفتاری ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان بکھر کی عدالت سے منظور ہوئی ۔مقدمے میں کہا گیا ہے کہ کچھ روز قبل میرے بیٹے کا اڈیالہ جیل بیرک ایک کے کمرہ نمبر 2کے قیدی صائم عباس سے جھگڑا ہوا جس پر جیل انتظامیہ نے بیٹے و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔مقتول کے والد نے بتایا کہ گزشتہ شب ٹیلی فون کے ذریعے بیٹے کی خرابی طبیعت اور ڈی ایچ کیو ہسپتال موجودگی کی اطلاع ملی، ہسپتال پہنچنے پر معلوم ہوا کہ بیٹے کی موت ہو چکی ہے اور لاش مارچری میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ بیٹے کو جیل انتظامیہ نے مخالفین کے ساتھ مل کر قتل کیا، 4جولائی کی ملاقات میں بیٹے نے بتایا تھا کہ اسے قصوری چکی میں بند کر رکھا ہے اور اسے ان لوگوں سے جان کا خطرہ ہے۔