
نوجوانوں کی رہنمائی حکومت کی ترجیح ہے — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے اہم ملاقات منعقد ہوئی، جس میں بلوچستان کی پہلی سوشل میڈیا پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی طاقت سے انکار ممکن نہیں، تاہم اس کے مثبت استعمال کو فروغ دینا اور نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ بھی کیا جا رہا ہے، لہٰذا ریاستی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے گورننس میں خامیوں کی نشاندہی کو خوش آئند سمجھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مثبت تنقید کو قبول کیا جائے گا اور اصلاحات کے عمل کو مزید تقویت دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ سوشل میڈیا صارفین کے تحفظات اور تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے، تاکہ ایک مربوط، مؤثر اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول تشکیل دیا جا سکے۔
اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور آگاہی کے وسیع مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ترقی، آگاہی اور بہتری کا ذریعہ بنایا جائے گا جبکہ منفی پراپیگنڈے کی مؤثر روک تھام کی جائے گی۔
اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کی مثبت تصویر اجاگر کریں اور معاشرتی ہم آہنگی و قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ پالیسی سازی ناگزیر ہے، اور نوجوان انفلوئنسرز کو اس عمل کا اہم حصہ بنایا جائے گا۔