پٹ فیڈر کینال پر آبی چوروں کے گرد گھیرا تنگ، غیر قانونی پائپس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے احکامات پر پٹ فیڈر کینال میں زرعی پانی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت آپریشن کیا گیا۔
میر حسن آر ڈی 418 سے بیدار پل تک غیر کمانڈ ایریا کو پانی چوری سے سپلائی کرنے کے لیے نصب بڑی تعداد میں غیر قانونی پائپس اکھاڑ دیے گئے۔محکمہ ایریگیشن نے نصیرآباد ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آبی چوروں کے خلاف شکنجہ کس دیا۔کارروائی سب ڈویژنل آفیسر محمد سلیم بہرانی کی نگرانی میں مکمل کی گئی جبکہ ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی نے واضح کیا کہ کریک ڈاؤن کا مقصد کمانڈ ایریا کے کاشتکاروں، زمینداروں اور کسانوں کو ان کے جائز حصے کا زرعی پانی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پانی چوری کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔محکمہ ایریگیشن شفافیت کی بنیاد پر کسانوں کے وسیع تر مفاد میں اقدامات کرنے کے تسلسل کو جاری رکھے گا تاکہ کمانڈ ایریا کے چپے چپے کو سیراب کیا جاسکے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق کسانوں کی تعمیر و ترقی کے سلسلے کو جاری رکھیں گے تاکہ بلوچستان کے گرین بیلٹ کو مزید زرخیز بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ کاروائی کے عمل کو مزید وسعت دی جائے گی اور تمام ذیلی شاخوں تک غیر قانونی پائپس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔