کوئٹہ :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں جو حقائق کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ریاستی و سماجی امور میں شفافیت کو یقینی بناتے ہیں عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی نہایت مشکل اور چیلنجنگ حالات میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران بلوچستان کے چالیس سے زائد صحافیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور حکومت انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جرنلسٹ ویلفیئر اینڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو مشکل حالات میں سہارا فراہم کیا جا سکے اس کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس، مالی معاونت اور ہنگامی امداد کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ورکنگ جرنلسٹس کے لیے پہلی جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری دی جا چکی ہے جس پر پیش رفت جاری ہے اور حکومت اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ صحافیوں کو باعزت رہائش کی سہولت میسر آ سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں قائم میڈیا اکیڈمی کی فعالیت کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے انہوں نے کہا کہ صحافت کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رجحانات سے ہم آہنگ ہونا وقت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی منظوری دی جا چکی ہے جس کے تحت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو منظم انداز میں فروغ دیا جائے گا اور مارکیٹ کے مستند و فعال اخبارات کو بھی اس سے فائدہ پہنچے گا وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی افادیت اور شناخت اپنی اپنی جگہ برقرار رہے گی اور کسی بھی شعبے سے وابستہ افراد کا روزگار متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت، قومی مفاد، معاشرتی ہم آہنگی اور مثبت بیانیے کے فروغ کے لیے میڈیا اور حکومت کا باہمی تعاون ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان آزادی صحافت کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ آزادی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ ایک مضبوط، متوازن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔