وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے معرکۂ حق کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معرکۂ حق وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے اپنی قوت، خودداری اور غیر متزلزل عزم کا لوہا پوری دنیا میں منوایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن قومی اتحاد، جرات، قربانی اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کی روشن علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عظیم موقع پر افواجِ پاکستان، قومی سیاسی قیادت اور خصوصاً سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت میں افواجِ پاکستان نے طاقت کے غرور میں مبتلا دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے اور دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اس دن کو پاکستان کے تحفظ، سلامتی اور استحکام کے عزم کے ساتھ یومِ فخر کے طور پر مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام ہمیشہ وطنِ عزیز کے دفاع، قومی سلامتی اور یکجہتی کے لیے صفِ اول کا کردار ادا کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی اپنی اس قومی ذمہ داری کو بھرپور انداز میں نبھاتے رہیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کے سامنے افواجِ پاکستان اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان سے وفاداری، محبت اور قومی یکجہتی میں کسی قسم کی کمزوری آنے نہیں دی جائے گی اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے پوری قوم متحد رہے گی انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار ریاست ہے اور قوم اپنے دفاع اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کا حوصلہ رکھتی ہے۔