لبنان( الفجرآن لائن)لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیل کے میزائل حملوں میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ لبنانی میڈیا کے مطابق بیروت کے جنوبی علاقےکی عمارت پر فضائی حملے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیل کے دو جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی حصے کو 4 گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنان سے حزب اللہ کے جوابی حملوں کے پیش نظر اسرائیلی علاقوں میں خطرےکا الرٹ بڑھا دیا ہے۔
خیال رہےکہ یہ حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب امریکا اور ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق معاہدے پر دستخط کے قریب ہیں۔ایران کے مطابق اس مرحلے کی فوری ترجیح تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ یقینی بنانا ہے،جس میں لبنان بھی شامل ہے۔ ایران کی خاتم الانبیا سینٹرل کمانڈ کےکمانڈر اسدی کا کہنا ہےکہ بیروت میں اسرائیلی جرائم کا بدلہ لیے بغیر نہیں رہیں گے، لبنانی دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی فوج کے حملےکا جواب ضرور دیا جائےگا۔
