میر سرفراز بگٹی نے بچوں کی تعلیم، رہائش اور بہتر مستقبل کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی، موسم سرما کے لیے گرم کپڑے اور ضروری اشیا بھی فراہم کی گئیں
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے ذریعے توجہ حاصل کرنے والے ڈھابے پر کام کرنے والے یتیم بچے منیر احمد سمیت اس کے چار بہن بھائیوں اور والدہ کی مکمل کفالت کی ذمہ داری اٹھا لی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سے منیر احمد نے ملاقات کی، جس کے دوران میر سرفراز بگٹی نے بچوں کے حالاتِ زندگی اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور محفوظ مستقبل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
میر سرفراز بگٹی نے منیر احمد، اس کے چھوٹے بھائی اور تین بہنوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ مناسب رہائش اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ معاشی مشکلات سے آزاد ہو کر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ پانچوں بچوں اور ان کی والدہ کی ضروریات کا خیال رکھا جائے اور خاندان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے اپنے ذاتی اخراجات سے بچوں کے لیے موسم سرما کے گرم کپڑوں اور دیگر ضروری اشیا کی خریداری کا بھی انتظام کیا تاکہ انہیں سرد موسم میں بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے بے سہارا اور ضرورت مند بچوں کی تعلیم، تربیت اور بہتر زندگی کے مواقع کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

