اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس، ٹیکسوں، ڈیوٹیز، نجکاری اور پٹرولیم و غذائی شعبوں سے متعلق بلز پر غور
اسلام آباد (الفجر آن لائن): حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان آئی ایم ایف کی شرائط سے متعلق اہم قانون سازی پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجوزہ قانونی ترامیم اور مختلف بلز کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرانے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کے وزراء اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء نے مالیاتی قوانین، ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں ردوبدل، سرکاری اداروں کی نجکاری اور پٹرولیم و غذائی شعبوں سے متعلق قانون سازی کی تجاویز کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر مشاورت کی گئی کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت مجوزہ قانونی ترامیم اور متعلقہ بلز کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے کس طریقہ کار کے تحت منظور کرایا جائے۔ ان سرکاری اداروں سے متعلق قوانین میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی غور کیا گیا جنہیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تجویز ہے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ کے مصطفےٰ ایمپیکس کیس میں دیے گئے فیصلے کی روشنی میں بعض بلز کی منظوری کے قانونی اور پارلیمانی پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم اور غذائی شعبوں سے متعلق بعض بلز بھی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے جاری اجلاسوں میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے ان بلز کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ متعلقہ قانون سازی کے لیے پارلیمانی طریقہ کار اور منظوری کے مراحل پر مشاورت جاری ہے۔

