کوئٹہ،اسلام آباد (الفجرآن لائن) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں کی گئی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا،
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے، اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ضلع وڈھ میں کی گئی ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا،
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ دو دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے، کارروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لئے ’سینیٹائزیشن‘ آپریشنز جاری ہیں،
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ اور معاونت شدہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

