لاہور(الفجرآن لائن)اسلام آباد سے لاہور ہائی کورٹ منتقل کئے گئے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ انھوں نے یہ استعفی ذاتی وجوہات، صحت کے مسائل کی وجہ سے دیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے صدر مملکت کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سرجری کے بعد صحت کے مسائل بھی استعفے کی وجوہات میں شامل ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں خدمات انجام دینا زندگی کے یادگار ادوار میں شامل ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے خط میں لکھا کہ اپنے دور میں 23 ہزار سے زائد مختلف نوعیت کے مقدمات نمٹائے، آئین کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے دفاع کے لیے کام کیا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم نے ہائیکورٹس کی آزادی اور ادارہ جاتی خودمختاری کو متاثر کیا، ججوں کی تقرری اور تبادلوں میں انتظامیہ کی بڑھتی مداخلت پر تشویش ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ عدالتی آزادی اور انصاف کے عمل پر عوامی اعتماد متاثر ہوا ہے۔

