اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد نے بلدیاتی انتخابات 2026 میں بھرپور حصہ لینے اور شہر کی تمام یونین کونسلوں کے وارڈز میں امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریجنل اور ضلعی تنظیموں سمیت مختلف ونگز کے عہدیداران سے مشاورت کے بعد 95 فیصد شرکا کی رائے سے انتخابی عمل میں حصہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔
تنظیمی عہدیداران کو 2 نومبر سے 6 نومبر تک ہر یونین کونسل کے ہر وارڈ میں امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
تحریک انصاف اسلام آباد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران ریجنل صدر عامر مغل، شعیب شاہین اور ملک عامر نے تینوں حلقوں میں 25 سے زائد اجلاس کیے۔
ان اجلاسوں اور آن لائن مشاورتی نشستوں میں ریجنل تنظیم، تین ضلعی تنظیموں، آٹھ ٹاؤن تنظیموں، 125 یونین کونسلوں کے عہدیداران، لیبر ونگ، آئی ایس ایف، یوتھ ونگ، ٹریڈرز ونگ، ویمن ونگ، ایڈوائزری کونسل، ورکنگ کمیٹی اور کور کمیٹی سمیت مختلف تنظیمی شعبوں کے تقریباً 400 عہدیداران سے مشاورت کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے نظریے اور تحریک میں صفِ اول کا کردار ادا کرنے والے ایسے کارکنوں کو انتخابی میدان میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار، باکردار، باصلاحیت اور مضبوط امیدوار ہوں۔
پارٹی کے مطابق امیدواروں کے انتخاب میں عوامی خدمت اور تنظیمی وابستگی کو اہمیت دی جائے گی۔

