واپڈا ٹاؤن لاہور میں سپردِ خاک، نمازِ جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، واپڈا حکام اور انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ افراد کی شرکت
لاہور (الفجر آن لائن): واپڈا کے سابق جنرل منیجر ہائیڈل چوہدری فضل احمد انتقال کر گئے۔ مرحوم، ڈائریکٹر میڈیا ورکرز ویلفیئر فنڈ، وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و ترقیِ انسانی وسائل، چوہدری ضمیر اشرف کے سسر تھے۔ انہیں واپڈا ٹاؤن لاہور کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، واپڈا کے اعلیٰ حکام، انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ ممتاز افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
چوہدری فضل احمد نے 1969 سے 2012 تک اپنی پیشہ ورانہ زندگی قومی خدمت، فنی مہارت اور دیانت داری کے ساتھ گزاری۔ انہوں نے بطور چیف انجینئر منگلا ڈیم، وارسک ڈیم، گوجرانوالہ، گجرات اور سعودی عرب میں اہم ذمہ داریاں انجام دیں اور مختلف اہم منصوبوں کی تکمیل میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مرحوم کا شمار تجربہ کار انجینئرز میں ہوتا تھا، جنہوں نے آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور قومی ترقی کے منصوبوں میں اپنی فنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ بصیرت کے ذریعے خدمات انجام دیں۔ ان کی پیشہ ورانہ وابستگی اور قومی منصوبوں میں کردار کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
چوہدری فضل احمد کے انتقال پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور واپڈا سے وابستہ افراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور تمام سوگواران، بالخصوص اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔ آمین۔

