معمر افراد، معذور افراد، صحافیوں اور ریلوے ملازمین سمیت اہل افراد کو قواعد کے مطابق رعایتیں ملیں گی، انکار کی صورت میں متعلقہ حکام یا پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائیں، نوٹیفکیشن
لاہور (الفجر آن لائن): پاکستان ریلویز نے آؤٹ سورس کی جانے والی ٹرینوں میں بھی اہل مسافروں کے لیے رعایتی ٹکٹوں، پاسز اور پی ٹی اوز کی سہولت برقرار رکھنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور کی ہدایات کے مطابق معمر افراد، معذور افراد، صحافیوں، ریلوے ملازمین اور دیگر اہل افراد کو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرین کی روانگی سے 48 گھنٹے پہلے تک رعایتی کوٹے کے تحت ٹکٹ حاصل کرنے کی سہولت بھی برقرار رہے گی۔
پاکستان ریلویز نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی اہل مسافر کو قواعد کے مطابق رعایت دینے سے انکار کیا جائے تو وہ متعلقہ ریلوے حکام یا پاکستان سٹیزن پورٹل پر اپنی شکایت درج کروا سکتا ہے۔

