اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق جلد عوام کو اچھی خبر ملنے کا امکان ہے۔میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہاعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اس کا براہ راست فاءدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی قیمتوں میں کمی کے اثرات بھی اسی رفتار سے صارفین تک پہنچاءے جائیں جس رفتار سے اضافے کے اثرات منتقل کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال رہی، جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر میں محسوس کیے گئے ۔
تاہم اب صورتحال میں بہتری کے آثار ہیں اور عالمی منڈی میں ایرانی خام تیل کی دستیابی کے امکانات سے قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام نے حالیہ عالمی بحران کے دوران مشکلات کا سامنا کیا، اور حکومت اس بات سے آگاہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام شہریوں کے بجٹ پر دباؤ پڑا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاءے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان سمیت عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کا عالمی وقار مزید بلند ہوا ہے۔ ان کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک پاکستان کے کردار کو مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
