اجلاس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور ریونیو بڑھانے کیلئے اہم فیصلے
لاہور (الفجرآن لائن)پنجاب حکومت نے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے
جس کے تحت ہر ٹرانزیکشن کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے بڑے کاروباری مراکز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ریونیو کلیکشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز میں خصوصی کیمرے نصب کرنے کی منظوری دی گئی۔
جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ بڑے ریسٹورنٹس میں کیش کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو لازمی قرار دینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب دنیا کیش سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی اس نظام کو اپنا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری کے معاملے میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور جدید ڈیجیٹل نظام اور نگرانی کے آلات سے ٹیکس چوری کی روک تھام کی جائے گی۔
انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے، عملہ بڑھانے اور ٹیکس وصولیوں کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب ریونیو کلیکشن میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور وصولیاں 346 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پی آر اے کا دائرہ کار 10 اضلاع سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس نیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے انٹیلی جنس، ٹیکس پیئر آڈٹ اور لیگل ونگ بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پی آر اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام میں ٹیکس آگاہی بڑھانے کے لیے میڈیا ونگ کو مزید فعال بنایا جائے اور کارروائیوں کی وجوہات بھی مؤثر انداز میں عوام کے سامنے پیش کی جائیں۔
