جرمانے لاکھوں میں 398 خلاف ورزیوں والی گاڑی بھی فہرست میں شامل سیف سٹی اور ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، فوری کارروائی کا فیصلہ،ترجمان
لاہور (الفجرآن لائن)ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی اور ای چالان کی عدم ادائیگی پر لاہور میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
سیف سٹی اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کارروائی کے تحت لاکھوں روپے کے ای چالان واجب الادا رکھنے والی 100 گاڑیوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ان گاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور جدید کیمروں کے ذریعے ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ جیسے ہی یہ گاڑیاں سیف سٹی کیمروں کی نظر میں آئیں گی، ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سیف سٹی کی رپورٹ کے مطابق ایک گاڑی نے ٹریفک قوانین کی 398 مرتبہ خلاف ورزی کر کے غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا ہے، جبکہ متعدد دیگر گاڑیوں کے مالکان 200 سے 300 سے زائد مرتبہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرخ اشارہ عبور کرنا، لین لائن کی خلاف ورزی اور دیگر ٹریفک قواعد کی پامالی سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں بعض گاڑیوں پر جرمانوں کی رقم پانچ لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے خبردار کیا ہے کہ ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے گی اور جرمانے ادا نہ کرنے کی صورت میں گاڑیوں کو بند یا تحویل میں بھی لیا جا سکتا ہے
