اسلام آباد ( الفجرآن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن کے اتوار بازار میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن اتوار بازار میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ سٹال مالکان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے آگ لگنے کے باعث سٹالز اور قیمتی سامان کے جل جانے سے ہونے والے بھاری مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔آتشزدگی کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کیا جائے، ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے، اور مستقبل میں ایسے افسوسناک اور تباہ کن واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ افراد کو اس آزمائش کا صبر و حوصلے کے ساتھ سامنا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور انہیں ان کے نقصانات کا بہتر نعم البدل عطا کرے۔
