کوئٹہ( الفجرآن لائن) حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع میں نائٹروجنی کھادوں کی نقل و حمل، خرید و فروخت اور سپلائی پر 15 روز کے لیے فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد تخریب کاری کی سرگرمیوں میں کھاد کے بارودی مواد کے طور پر ممکنہ استعمال کو روکنا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ حکمنامے کے مطابق، یوریا، کیلشیم امونیم نائٹریٹ، امونیم نائٹریٹ اور پوٹاشیم نائٹریٹ سمیت تمام نائٹروجنی کھادوں کی ترسیل اور تقسیم کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس 15 روزہ پابندی کے دوران صوبائی حکومت ان کھادوں کی باقاعدہ اور محفوظ فروخت، فراہمی اور تقسیم کے لیے ایک فول پروف طریقہ کار وضع کرے گی تاکہ مستقبل میں ان کے غلط استعمال کا تدارک ممکن ہو سکے۔
سرکاری اعلامیے میں تمام متعلقہ ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نائٹروجنی کھادوں کے موجودہ اسٹاک کا مکمل اور درست انوینٹری ریکارڈ برقرار رکھیں اور اگلے احکامات تک کسی بھی قسم کی سپلائی سے گریز کریں۔ محکمہ زراعت کے مطابق، پابندی کی مدت ختم ہونے پر مجاز اتھارٹی کی ہدایات کے روشنی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحریری طور پر اگلے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی


