اسلام آباد(الفجرآن لائن): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں صوبوں کی امن و امان کی صورتحال اور کاروباری برادری کو درپیش سیکیورٹی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے تاجروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے اور ان کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
دونوں صوبوں کے چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے وزیر داخلہ کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور اس کے باعث درپیش کاروباری مشکلات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کو ملک بالعموم اور خیبر پختونخوا و بلوچستان بالخصوص، میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے روشناس کرایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاروباری برادری کو محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے تاجر برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جلد پشاور اور کوئٹہ کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان دوروں کے دوران متعلقہ صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام اور تاجر نمائندوں کی موجودگی میں مشترکہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے تاکہ درپیش مسائل کا مستقل اور عملی حل نکالا جا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نجی شعبے کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور نجی شعبے کی ترقی میں ہی پاکستان کی معاشی خوشحالی پنہاں ہے، اس لیے پوری حکومت کاروباری برادری کے ساتھ کھڑی ہے

