اسلام آباد(الفجرآن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے، سیاسی رہنما مل بیٹھیں اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنائیں۔
انہوں نے موجودہ حکومت میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو مضبوط اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم اتنے گئے گزرے نہیں کہ وطن فروشی کریں، جو ضمیر بیچتا ہے اسے آپ اوپر اٹھاتے ہیں۔ آئین کے تحت لوگوں کی خدمت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شریف جج نے پھر استعفی دے دیا۔اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کی جائیں کہ موجودہ حکومت میں کتنے ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیں پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنائیں اور سیاسی لوگ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شاید آج خواجہ آصف کچھ زیادہ ہی بول گئے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کو رات کے وقت اسپتال لے جایا گیا، جو ان کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تین بہنوں کو جیل میں رکھ کر روایات کی پامالی کی گئی۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو وفاق اور جمہوریت خطرے میں پڑ جائیں گے۔
قبل ازیں جے یو آئی کے ارکان نے مولانا عبدالغفور حیدری کو بات کرنے کا موقع دینے کا مطالبہ کیا، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ ایوان آپ کے کہنے پر نہیں چلے گا اور ایجنڈے کے بعد بات کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس دوران ڈپٹی اسپیکر نے بیرسٹر گوہر کو اظہارِ خیال کا موقع دے دیا۔
محمود خان اچکزئی کی تقریر کے دوران مسلم لیگ(ن)کے رکن حنیف عباسی نے بھی بولنے کی کوشش کی۔

