اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ اسپا سینٹرز اور مبینہ قحبہ خانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں کے دوران 52 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 9 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 7 اسپا سینٹرز اور 2 مبینہ قحبہ خانوں کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں 12 مرد اور 40 خواتین شامل ہیں۔ سٹی زون میں 7 اسپا سینٹرز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ متعلقہ تھانوں کی حدود میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
تھانہ کوہسار کی حدود میں 2 اسپا سینٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ تھانہ مارگلہ کی حدود میں 4 اسپا سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن میں 3 مرد اور 16 خواتین شامل ہیں۔
اسی طرح تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں ایک اسپا سینٹر کے خلاف کارروائی کے دوران 3 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔دوسری جانب تھانہ آئی نائن کی حدود میں مبینہ قحبہ خانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 مقدمات درج کیے گئے اور دونوں مقامات کو سیل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 12 خواتین شامل ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی

