کوئٹہ (الفجرآن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ سول اسپتال کوئٹہ میں وکلاء، صحافیوں اور دیگر شہریوں کی شہادت کی دسویں برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سانحہ 8 اگست کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں، کیونکہ اس بزدلانہ دہشت گردی نے بلوچستان کے انتہائی قیمتی، قابل اور باصلاحیت افراد کو ہم سے چھین لیا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ سول ہسپتال میں بلوچستان نے اپنے نامور وکلاء، صحافیوں اور دیگر قیمتی انسانی جانوں سے محروم ہو کر ایک ایسا ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا جس کا ازالہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ دہشت گردی کے خلاف جاری اس طویل جنگ میں بلوچستان کے غیور عوام اور ہمارے ریاستی اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ ان شہداء کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و امان کے حوالے سے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و استحکام کی بحالی اور اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ 8 اگست کے تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے پس ماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے


