کوئٹہ (الفجر آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ تین برادر اسلامی ممالک کے درمیان محبت، اخوت اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کی جانب اہم قدم ہے
۔میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان رشتے محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ اسلامی اخوت، مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ مکہ مکرمہ جیسی مقدس سرزمین پر اس اہم معاہدے کا طے پانا اپنے اندر خصوصی روحانی اور تاریخی اہمیت رکھتا ہے
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں مسلم ممالک کا باہمی تعاون، اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے لیے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کو اپنا مخلص برادر سمجھتا ہے اور تینوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونا پوری مسلم امہ کے لیے خوش آئند امر ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ معاہدہ باہمی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت پوری مسلم امہ کو امن، اتحاد، سلامتی اور خوشحالی عطا فرمائے اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان محبت و اخوت کے رشتوں کو مزید مضبوط کرے۔

