لورالائی ( الفجرآن لائن) مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی ہدایت پر ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز دفاتر اور سرکاری عمارتوں پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم لہرا دیے گئے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے ڈی سی ہاؤس موسیٰ خیل پر تینوں برادر ممالک کے قومی پرچم نصب کیے۔ اس موقع پر ملکی پرچم کے ساتھ برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم لہرا کر پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط برادرانہ، دوستانہ اور اسٹریٹجک تعلقات سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور دفاعی شراکت داری نہ صرف مشترکہ سلامتی کو مزید مضبوط کرے گی بلکہ برادرانہ تعلقات کو بھی نئی جہت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچموں کی یہ نمائش پاکستان کی جانب سے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ لورالائی ڈویژن میں اس اقدام کے ذریعے تینوں ممالک کے درمیان دوستی، اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کیا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ ہمیشہ مضبوط اور پائیدار تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والا تاریخی معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ لورالائی ڈویژن کے تمام اضلاع میں کمشنر کی ہدایت پر قومی پرچموں کے ساتھ سعودی عرب اور ترکیہ کے پرچم لہرانا تینوں برادر ممالک کے درمیان محبت، احترام اور یکجہتی کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔

