کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے ہفتہ کی شب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی مختلف شاہراہوں کا دورہ کیا اور جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جاری انتظامات، تزئین و آرائش اور برقی قمقموں کا جائزہ لیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ کی شاہراہوں اور اہم مقامات پر جشن آزادی کے حوالے سے خوبصورت سجاوٹ اور روشنیوں نے شہر کو ایک نئے اور خوبصورت رنگ میں پیش کیا ہے جبکہ عوام ایک پرامن ماحول میں آزادی کا جشن منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ "ان سجاوٹوں، روشنیوں کے بیچ اور ایک پرامن ماحول میں بلوچستان کے عوام، کوئٹہ کے عوام 14 اگست سیلیبریٹ کر رہے ہیں۔ تو یہ ہے بلوچستان، یہ بلوچستان کا امن ہے اور یہ بلوچستان کی ٹرو پکچر (True Picture) ہے۔” مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے منفی تاثر اور پروپیگنڈا پھیلانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، تاہم کوئٹہ کی یہ روشنیاں، عوام کا جوش و جذبہ اور جشن آزادی کی سرگرمیاں بلوچستان کے حقیقی، پرامن اور مثبت چہرے کی عکاسی کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ جشن آزادی صرف ایک قومی دن نہیں بلکہ پاکستان سے محبت، اتحاد اور قومی یکجہتی کے اظہار کا موقع ہے۔ بلوچستان کے عوام ہمیشہ کی طرح اس سال بھی جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں

