کوئٹہ (ویب ڈیسک): صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں بشمول ایئرپورٹ روڈ، کچلاک اور مغربی بائی پاس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال اور خصوصاً جشنِ آزادی کے حوالے سے کیے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کسی بھی قوم کے لیے انتہائی خاص دن ہوتا ہے جسے زندہ قومیں بھرپور جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہے اور 14 اگست کے موقع پر شہر بھر میں فل پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں آزادی کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے پہاڑوں پر جانے والے اور دشمن کے بہکاوے میں آنے والے نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کا راستہ ترک کرنے کی پرزور اپیل کی اور کہا کہ حقوق حاصل کرنے کا بہترین طریقہ دنیا بھر میں صرف جمہوری انداز ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیاست اور پارلیمنٹ کا حصہ بنیں اور اپنی صلاحیتوں کو بلوچستان کی خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔
بین الاقوامی صورتحال اور دفاعی امور پر بات کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے دفاعی معاہدے اور اتحاد کو دنیا کے لیے امن کا پیغام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دوست ممالک کا اتحاد پہلے ہی ناقابلِ تسخیر تھا اور اب دنیا کی کوئی بھی بڑی طاقت اسے میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتی۔
صوبائی وزیر داخلہ نے پڑوسی ملک بھارت اور افغانستان کی موجودہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی بھی ملک کو اس بات میں شک نہیں رہا کہ ہندوستان مختلف ممالک میں دہشت گردی ملوث ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت خطے میں سرمایہ کاری کر کے افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، جہاں بھارت کے خریدے ہوئے دہشت گرد افغان حکومت کی ناک کے نیچے بیٹھ کر ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ہمسایہ ملک ہے لیکن اس وقت وہاں کی طالبان حکومت ہندوستان کے ہاتھوں میں کھیل کر معصوم مسلمانوں کا خون بہا رہی ہے۔ مساجد کو نشانہ بنانا اور بے گناہوں کو شہید کرنا کسی بھی طرح انسانیت نہیں ہے۔

