شمالی ڈیرہ بگٹی(الفجرآن لائن) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کےخیرمقدم کے طور پر ڈپٹی کمشنر ہاؤس شمالی ڈیرہ بگٹی میں تینوں برادر ممالک کے قومی پرچم لہرا دیے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نارتھ ڈیرہ بگٹی ریاض احمد داوڑ نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام مذہب، اخوت اور باہمی احترام کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ریاض احمد داوڑ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ہاؤس پر تینوں ممالک کے قومی پرچم لہرانا تاریخی معاہدے پر خوشی اور برادر ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی ڈیرہ بگٹی کے عوام اور ضلعی انتظامیہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ڈپٹی کمشنر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو تینوں ممالک، خطے اور پوری مسلم امہ کے لیے امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔

