حافظ نعیم الرحمن اسلام آباد کے راستے ابھی سے بند کردیے گئے ہیں، تاہم ہم کنٹینرز سے ڈرنے والے نہیں، پریس کانفرنس
لاہور(الفجرآن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ریلیف کا ڈراما بند اور پیٹرولیم لیوی کا بھتہ ختم کرے اور پالیسی ریٹ کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کرے گی، مختلف شہروں میں جاری دھرنے بھی ختم نہیں کیے جائیں گے، اسلام آباد کے راستے ابھی سے بند کردیے گئے ہیں، تاہم ہم کنٹینرز سے ڈرنے والے نہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ سال 1567 ارب روپے لیوی جمع کی گئی، لیکن دوسری جانب حکومت پالیسی ریٹ کم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ پاکستان میں ایک متوازی معیشت موجود ہے اور اتنی بڑی خرید و فروخت کہیں حساب میں نہیں آرہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت لیوی کے نام پر غنڈہ گردی کررہی ہے اور فی لیٹر 135 روپے بھتہ لے رہی ہے۔ ہم حکومت کو پالیسی ریٹ 3 فیصد کم کرنے کے فوائد سے آگاہ کرچکے ہیں اور لیوی کم کرنے کے حوالے سے بھی فارمولا دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ برقرار رکھنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دعوی کرتی ہے کہ مہنگائی کم کردی گئی ہے، لیکن بلند شرح سود سے مزید قرض بڑھے گا۔ لیوی ختم کرنے اور پالیسی ریٹ کم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان حالات میں عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھیں تو حکومت کو اپنے محصولات کم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 25 ارب روپے کا ریلیف دیا ہے، قوم کو لائنوں میں لگا کر کوئی احسان نہیں کیا جارہا۔ پیٹرول پمپس پر ایپ دیکھی جاتی رہے گی اور رش لگا رہے گا، جبکہ جن کے ذریعے ریلیف دیا جارہا ہے ان سے بات ہی نہیں کی گئی

