اسلام آباد(الفجرآن لائن)پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے تحت حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 عازمین کی بکنگ مکمل ہوگئی جبکہ 60 ہزار حج نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ نشستوں کی دستیابی یا 20 نومبر2026 تک جاری رہے گی۔ حج پورٹل پر 25 منظم کمپنیوں کی جانب سے اکانومی، اسٹینڈرڈ اور پریمیم حج پیکیج دستیاب ہیں، جن میں عازمین اپنی ضروریات کے مطابق پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 25 منتظمین کے اکاؤنٹس میں حج واجبات کی مد میں 10 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں، جس میں سے 4ارب روپے سے زائد رقم آن لائن طریقہ کار کے ذریعے جمع کرائی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے صرف پاک حج ایپ یا حج پورٹل استعمال کریں۔
عازمین کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں تاکہ عازمین حج کسی قسم کی دھوکہ دہی یا مالی نقصان سے محفوظ رہ سکیں

