اسلام آباد(الفجرآن لائن) چیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کوہاٹ پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے پر گہری تشویش اور شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمعہ جیسے مقدس اور بابرکت روز معصوم انسانوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مل کر مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا ہو گا۔
چیرپرسن بی آئی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر فوری توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر کے حقائق کو فوری طور پر قوم کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ برابر کی شریک ہے

