وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا اہم مفاہمتی یادداشت پر اظہارِ اطمینان

کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک بڑا اور تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ صوبے میں ڈیجیٹل ہیلتھ کے فروغ کے لیے محکمہ صحت بلوچستان اور نارتھ وے کی معروف یونیورسٹی آف اوسلو کے ایچ آئی ایس پی (HISP) سینٹر کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ اس شراکت داری کا بنیادی مقصد بلوچستان میں ڈیجیٹل ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم کرنا اور ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2) کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا ہے تاکہ دور دراز علاقوں تک طبی سہولیات کی رسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔
حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے مطابق، اس معاہدے کے تحت صوبے میں پرائمری ہیلتھ کیئر کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی، جبکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI)، موسمیاتی تبدیلی کے صحت پر اثرات اور صحت کے شعبے میں مقامی سطح پر نئی اختراعات (Innovations) کو فروغ دیا جائے گا۔ اس جدید نظام کی بدولت صحت سے متعلق درست اور بروقت معلومات کی دستیابی ممکن ہو سکے گی، جس سے نہ صرف انتظامی سطح پر ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ ملے گا بلکہ نگرانی اور منصوبہ بندی کے نظام کو بھی مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس اہم ترین معاہدے پر گہرے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور محکمہ صحت کی پوری ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف اوسلو کے ساتھ یہ تکنیکی تعاون بلوچستان میں ایک جدید اور مربوط ڈیجیٹل ہیلتھ نظام کی تشکیل میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بین الاقوامی علمی و تکنیکی اداروں کی معاونت سے صوبے کے نظامِ صحت میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا تاکہ عام آدمی کو دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں

