پشاور(الفجرآن لائن) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار پشاور کور ہیڈکوارٹرز کے ایک اہم دورے کے دوران کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پشاور آمد پر خیبر پختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، پاک افغان سرحد پر سکیورٹی انتظامات اور صوبے میں جاری انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے صوبے میں تعینات فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور افسران و جوانوں کو ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی۔
کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج کے شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور قوم کی غیر متزلزل حمایت سے ملک میں مکمل امن بحال کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، بالخصوص خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں اور سکیورٹی کو بہتر بنانے میں ان کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشنز بغیر کسی تفریق کے جاری رہیں گے تاکہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے

