کوئٹہ(الفجرآن لائن) دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان، کوئٹہ میں آج صوبائی ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کا ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان جناب علی اصغر سیال نے کی، جس کا بنیادی مقصد صوبے میں انتخابی عمل کو مزید شفاف، جامع اور عوامی سطح پر متحرک بنانا تھا۔
اجلاس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (ایڈمنسٹریشن) سید ندیم حیدر، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) عبداللہ سمیت مختلف کلیدی اداروں کے اعلیٰ نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء میں نادرا (NADRA)، لوکل گورنمنٹ، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا، اور سول سوسائٹی کے مقتدر وفود شامل تھے، جنہوں نے ووٹر آگاہی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں
اجلاس کے افتتاحی کلمات میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان، جناب علی اصغر سیال نے کمیٹی کے دائرہ کار، فرائض اور موجودہ جمہوری نظام میں اس کے کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی انتخابی عمل کی کامیابی کا انحصار عوام کی بھرپور شرکت پر ہوتا ہے، اور اس مقصد کے لیے نچلی سطح پر شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس کے دوران معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً خواتین، نوجوانوں، معذور افراد اور دیگر محروم طبقات کی انتخابی عمل میں مؤثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ شرکاء کی جانب سے خواتین کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز (CNIC) کے فوری اجراء اور ووٹر رجسٹریشن کے عمل کو دیہی اور پسماندہ علاقوں میں مزید تیز اور آسان بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور جامع سفارشات پیش کی گئی
صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے تمام شرکاء کی فعال شرکت اور قیمتی آراء کو دلی طور پر سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ موصول ہونے والی تمام سفارشات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا اور ان کی روشنی میں صوبے بھر میں ووٹر آگاہی اور انتخابی شمولیت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اور انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے

