موٹروے M-1 (اسلام آباد تا چھچھ) کی بندش اور متاثرہ انٹرچینجز
موٹروے M-14 (ہکلہ تا کنڈل) پر ٹریفک معطل رہے گی
جی ٹی روڈ N-5 بھی اٹک خورد کے مقام سے بند
اسلام آباد(الفجرآن لائن) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے مسافروں اور ڈرائیورز کے لیے ایک انتہائی اہم اور ہنگامی سفری الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق 23 ستمبر 2026 بروز بدھ کی شام سے ملک کی اہم ترین شاہراہوں بشمول موٹروے M-1، موٹروے M-14 اور جی ٹی روڈ (N-5) کو مختلف مقامات سے دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید پریشانی اور زحمت سے بچنے کے لیے بدھ کی شام سے ان راستوں پر سفر کرنے سے مکمل گریز کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بدھ کی شام سے موٹروے M-1 اسلام آباد ٹول پلازہ سے لے کر چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف سے بند رہے گی۔ اس بندش کے نتیجے میں اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ/ترنول انٹرچینج، سنگجانی/AWT انٹرچینج، براہمہ باہتر انٹرچینج، برہان انٹرچینج، ہزارہ موٹروے انٹرچینج، غازی انٹرچینج اور چھچھ انٹرچینج مکمل طور پر بند رہیں گے اور کسی بھی گاڑی کو یہاں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بدھ کی شام سے ہی موٹروے M-14 پر بھی ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف کا ٹریفک نیٹ ورک مکمل معطل رہے گا۔ اس دوران ہکلہ انٹرچینج، فتح جنگ انٹرچینج، پنڈی گھیپ انٹرچینج، کھڑپہ انٹرچینج، تراپ انٹرچینج، داؤد خیل انٹرچینج، کوٹ بیلیاں انٹرچینج، عیسی خیل انٹرچینج اور کنڈل انٹرچینج سے ہر قسم کی آمد و رفت پر پابندی ہوگی۔
موٹرویز کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے متبادل روٹ یعنی جی ٹی روڈ (N-5) کو بھی اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے متبادل راستوں کا تعین کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا رہنمائی کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

