لاہور(الفجرآن لائن) جماعت اسلامی نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اپنا اسلام آباد لانگ مارچ اور دھرنا چند روز کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کو موقع دینے کے لیے فی الوقت قافلے روک دیے گئے ہیں تاہم جماعت اسلامی اپنے مطالبات اور احتجاج سے دستبردار نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کی تجویز دی تھی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مشکل حالات میں معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کو پٹرولیم مصنوعات اور دیگر مدات میں ریلیف فراہم کر رہی ہے اور آئندہ بھی عوام کو ریلیف کی فراہمی ممکن بناتی رہے گی۔
وزیراعظم کی گفتگو کا خیرمقدم کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے چند روز کے لیے احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے وزیراعظم سے براہِ راست ملاقات میں بات چیت کی جائے گی اور ان سے مطالبات پر تحریری یقین دہانی لی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ وزیراعظم کے غیر ملکی دورے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان حتمی ملاقات اور مشاورت ہوگی، تب تک تمام قافلے جہاں ہیں وہیں روک دیے گئے ہیں مگر تحریری معاہدو نہ ہونے کی صورت میں لائحہ عمل کا دوبارہ اعلان کیا جائے گا۔

