بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سیکیورٹی ذرائع
مستونگ (الفجرآن لائن) مستونگ کے علاقے کنک وادی میں شاندار کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی بزدلانہ کوشش کی تھی، جسے جوانوں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی سے ناکام بنا دیا۔فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، جس پر جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی علاقوں میں تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 7 خوارج کو بھی ہلاک کر دیا۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر اور بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی

